
نیشنل پریس کلب کا اجلاس ، دو ممبران کی رکنیت معطل کردی
اسلام آباد میں قائم نیشنل پریس کلب نے ہراسانی کے الزامات کے معاملے پراپنے دو ارکان کی این پی سی کی بنیادی رکنیت معطل کردی ہے ۔
ترجمان نیشنل پریس کلب سید ظفر حسین ہاشمی کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام اباد کی گورننگ باڈی کا اجلاس صدر اظہر جتوئی کی زیر صدارت ہوا جس میں این پی سی کے 2 ممبران ناصر خٹک اور سلمی ملک کی طرف سے پریس کلب کو موصول ہونے والی ہراسانی کے الزامات پر مبنی درخواستوں کے متعلق اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی رپورٹ پر تفصیلی غور ہوا۔
اجلاس میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ناصر خٹک اور سلمی ملک کی کلب کی بنیادی رکنیت معطل کرنے اور ان کے کلب میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا،
گورننگ باڈی اجلاس میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی رپورٹ پر تفصیلی بحث کے بعد اس کی سفارشات پر فوری عمل درآمد کرنے اور آئین کے مطابق دونوں ناصر خٹک اور سلمی ملک کی کلب کی رکنیت معطل کرنے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا جبکہ دونوں کے پریس کلب میں داخلے پر بھی فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی۔ علاوہ ازیں گورننگ باڈی نے سابق میاں بیوی تنازعہ کے دوران ناصر خٹک کی جانب پریس کلب کی 2 موجودہ اور 2 سابق معزز خواتین عہدیداروں کو اپنے گھریلو تنازعہ میں مداخلت کے من گھڑت الزام پر ایف آئی آر میں نامزد کرنے کا بھی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے
ترجمان کے مطابق اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پریس کلب کی تمام خواتین ممبران باعزت اور نہایت قابل احترام ہیں اور کسی بھی ممبر کو کسی خاتون ممبر کے ساتھ کسی قسم کا نامناسب رویہ اختیار کرنے یا ان پر الزام تراشی کرنے کی قطعا کوئی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ پریس کلب کی سابق و موجودہ معزز خواتین عہدیداران پر عائد مقدمہ فوری ختم کیا جائے ،اور ایسا اقدام کرنے والے افسران و اہلکاروں کو فوری معطل کیا جائے ،اجلاس میں سابق صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی جو کہ اس سارے معاملے کو ڈیل کرے گی۔