
سیلاب متاثرہ علاقوں میں فری کالنگ کی سہولت
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی اور سیلولر موبائل آپریٹرز نے سیلاب متاثرہ عوام کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا لیے۔ پی ٹی اے کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین کے لیے مفت آن نیٹ وائس کالز کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدامات اس لیے کیے جا رہےہیں تاکہ متاثرین اپنے اہلِ خانہ اور ایمرجنسی سروسز سے رابطے میں رہ سکیں۔ زیرو بیلنس صارفین بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق سیلاب سے متاثرہ 72 فیصد ٹیلی کام سائٹس بحال کر دی گئی ہیں، جبکہ باقی سائٹس کی بحالی کے لیے پی ٹی اے اور سی ایم اوز کی ٹیمیں مسلسل کوشاں ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام خدمات کی مسلسل نگرانی جاری ہے تاکہ عوام کو بلاتعطل سہولت فراہم کی جا سکے۔