
ڈیرہ اسماعیل خان ۔۔۔ محمد کاشف نوید
جنوبی وزیرستان میں نامعلوم مسلح افراد نے نجی سکول کے مالک اور وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رحمت اللہ وزیر کو اغواءکر لیا۔
جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا میں نجی پبلک سکول کے مالک اور وانا ویلفیئر ایسویسی ایشن کے صدر رحمت اللہ وزیر کو نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت اغواءکر لیا جب وہ گھر سے سکول جا رہے تھے۔ اغوا کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاھم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
ان کے اغواءکے بعد آل پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے نیوز کانفرنس کے دوران ان کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کا اغوا پوری تعلیمی برادری کے لیے باعثِ تشویش ہے اور اس پر حکومت کی خاموشی ناقابلِ قبول ہے۔ اگر پرنسپل
رحمت اللہ کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو لوئر وزیرستان میں مکمل پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی اور ہڑتال کے دوران ضلع بھر کی اندرونی اور بیرونی تمام شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔
رحمت اللہ وزیر کی بازیابی کے لیے مختلف سکولز کے ہزاروں طلباءسڑکوں پر آ گئے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔ طلباءنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ رحمت اللہ وزیر نے وانا میں اس وقت تعلیم کی شمع روشن کی جب تعلیم کا نام لینا بھی ایک جرم سمجھا جاتا تھا۔ طلباءنے حکومت سے مطالبہ کیا رحمت اللہ وزیر کی بازیابی کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔