ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ڈاکٹر طاہرہ نے اعتراف کیا کہ گوشت چیک کرنے کا کوئی موثر نظام موجود نہیں، شبہ کی صورت میں گوشت لیب بھجوایا جاتا ہے
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ خیبرپختونخوا میں چیئرمین ایف بی آر کی درخواست پر پنجاب رینجرز تعینات کی گئی ہیں۔
جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ تعیناتی کا مقصد سمگلنگ کی روک تھام ہے جبکہ آئی آر افسروں کو ریکوری کے دوران ملنے والی دھمکیوں کے باعث بھی رینجرز تعینات کی گئی۔
رینجرز آفیسر کے مطابق 102 اہلکار تعینات ہیں، کابینہ نے بھی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ کمیٹی نے چیئرمین ایف بی آر کو وضاحت کے لیے طلب کر لیا۔
اجلاس میں گدھے کے گوشت کی فروخت کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ڈاکٹر طاہرہ نے اعتراف کیا کہ گوشت چیک کرنے کا کوئی موثر نظام موجود نہیں، شبہ کی صورت میں گوشت لیب بھجوایا جاتا ہے اور رپورٹ ایک ہفتے بعد آتی ہے۔
اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی غیر حاضری پر اراکین نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ وہ کسی سوال کا جواب نہیں دیتے اور اجلاس میں شریک بھی نہیں ہوتے۔
اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل پر ڈی آئی جی ویسٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ملزم گرفتار ہوا ہے، مزید چھاپے جاری ہیں۔ سینیٹر اسلم ابڑو نے الزام لگایا کہ بلوچستان پولیس ملزمان کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں آئی جی سندھ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کے دوران سیلاب میں جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ سینیٹر نسیمہ بی بی نے تربت میں خوف کی فضا کا ذکر کیا۔
اسلحہ لائسنس کے معاملے پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ نان ٹیکس پیئرز کے لائسنس منسوخ ہوں گے اور خریدوفروخت اب ممکن نہیں ہوگی۔ چیئرمین کمیٹی نے صوبوں سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی۔