
اسلام آباد ۔۔۔ اسلام آباد میں معروف ٹی وی چینل اب تک کے بیورو آفس میں آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ مسلسل تنخواہوں میں تاخیر پر بیورو کے ملازمین آپے سے باہر ہوگئے ہیں ۔ تنخواہ کی عدم ادائیگی اور جبری برطرفیوں کے کیخلاف ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے آفس کو تالے لگا کر بند کردیاہے ۔
ذرائع کے مطابق ادارہ ایک تو ملازمین کو وقت پر تنخواہ ادا نہیں کرتا جبکہ ملک میں بے تحاشا مہنگائی کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں میں کئی سال سے اضافہ نہیں کیا گیا۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ دو دو ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہےجس کے وجہ سے گھر کا چولہا چلانا بچوں کی فیس ادا کرنا اور دیگر امور چلانا بہت مشکل ہوچکا ہے ۔ کئی ملازمین کرایے کے گھروں میں رہ رہے ہیں لیکن تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے کرایہ ادا نہیں کرپا رہے ہیں ۔ آج جب ایک ملازم کو مالک مکان نے گھر سے نکال دیا تو پھرہمارا صبر جواب دے گیا اسی وجہ سے آفس کو تالا لگا دیا ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے ۔ تنخواہ مانگنے پر جبری برطرفی کی دھکمیاں دی جارہی ہیں ۔
اب تک ٹی وی چینل میں ملازمین انتہائی کم تنخواہ پر کام کررہے ہیں ۔ بعض ملازمین اب بھی بارہ ہزار روپے پر کام کررہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق یہاں سب سے زیادہ تنخواہ 35 ہزار روپے ہے جو کہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے ۔
صحافتی تنظیموں نے اب تک ٹی وی کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہا کیا ہے ۔ لیکن پیمرا اور حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک میں کم سے کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد کرائے ۔