
یشنل پریس کلب کے انتظامی امور اور صحافیوں کے تمام مسائل کے حل کیلئے یونین بھرپور کردار ادا کررہی ہے
صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بے روزگاری سے بچانے کیلئے انقلابی اقدام کریں گے، تمام صحافی تنظیمیں مسائل کے حل کیلئے ہمارا ساتھ دیں، حاجی نواز رضا اور رانا کوثر کا آر آئی یو جے دستور کے اہم اجلاس سے خطاب
اسلا م آباد۔۔۔
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس دستور کا اہم اجلاس یونین کے صدر رانا کوثر علی کی زیر صدارت نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ پی ایف یو جے کے صدر حاجی نواز رضا نے بطور مہمان خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صحافیوں کی یکجہتی، جعلی صحافیوں کی ووٹر لسٹوں سے بے دخلی، نیشنل پریس کلب کے انتظامی امور بہتر بنانے اوربڑی تعداد میں صحافیوں کے بے روزگار ہونے پر انقلابی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی نواز رضا نے آر آئی یو جے دستور کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوسرے اپوزیشن گرپوں کو ہمارے ساتھ ملکر تحریک کو آگے بڑھانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا جو لوگ نیشنل پریس کلب کے انتظامی امور کو بہتر بنانے، صحافیوں کے بے پناہ مسائل حل کرنے اور صحافت اور صحافیوں کے بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کے متمنی ہیں انہیں آگے آکر ہمارے کندھے سے کندھا ملا کر چلنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب میں جعلی صحافیوں اور جعلی ووٹرز کے انبار لگے ہیں۔ اصل صحافیوں کے حقوق اور انکی فلاح بہبود کا کوئی کام نہیں ہورہا۔ صحافیوں کے مسائل میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے جنہیں حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ڈیجٹل میڈیا اور آرٹیفشل انٹیلیجس کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم صحافیوں کو مختلف کورسز کرائیں گے تاکہ وہ نہ صرف صحافت کے شعبے میں اپنی کارکردگی کے جوہر دکھائیں بلکہ بے روز گاری سے بھی بچیں گے۔ حاجی نواز رضا کا کہنا تھا پیکا ایکٹ کے خلاف ہم نے بھی درخواست دی ہے اور ہم اس معاملے میں فریق ہیں۔ پیکا ایکٹ کے تحت اگر کوئی اصل صحافی گرفتار ہو تو ہم ہر صورت آواز بلند کریں گے۔
انہوں نے ذاتی مفادات کیلئے نیشنل پریس کلب کے وسائل کو استعمال کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ نیشنل پریس کلب اصل صحافیوں کا گھر ہے، اس کے وسائل کو اصل صحافیوں کیلئے ہی استعمال ہونا چاہیئے۔ انہوں زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام صحافی تنظیموں کو مل جل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ صحافیوں کے مسائل کا ازالہ ہوسکے۔ اجلاس میں آرآئی یو جے کے صدر رنا کوثر علی، نوید احمد،عابد ہاشمی، خاور نواز راجہ، اقبال اعوان، اختر حسین، نبی بیگ یونس، رازق محمود بھٹی، جاوید اختر، مرزا عبدلقدوس، الیاس شاہد، محمد عارف ملک، حفیظ خٹک اور اویس سمیت آر آئی یو جے دستور کے متعدد عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
آر آئی یو جے دستور کے صدر رانا کوثر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے انتظامی امور اور صحافیوں کے تمام مسائل کے حل کیلئے یونین بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا تمام صحافی آگے بڑھ کر ہماری جدوجہد کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پریس کلب کو جعلی صحافیوں سے صاف کریں گے اور صحافت اور صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے۔