
اگلے 48گھنٹے میں کلاوڈ برسٹ متوقع
مون سون کا نواں اسپیل اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک مزید جاری رہے گا۔ اس دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور میں شدید بارشیں ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 6 ستمبر سے جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ کے علاوہ ساحلی اضلاع بدین، سجاول اور تھرپارکر میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔
دریاؤں میں پانی کی آمد کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ 4 سے 5 ستمبر کے دوران راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلے پنجند کے مقام پر جمع ہوں گے، جس سے شدید سیلابی خطرہ لاحق ہے۔
متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کر کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ حساس علاقوں کے مکینوں کو متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تمام ادارے بر وقت اور پیشگی اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ اب تک متاثرین کو تقریباً 5 ہزار 700 ٹن امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ حکومتی ادارے، فلاحی تنظیمیں اور افواج پاکستان مل کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔