
کرس گیل نے ایشیا کپ میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیا
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بیٹر کرس گیل نے ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے پاس ایسے ہارڈ ہٹرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کرس گیل نے کہا کہ سلمان علی آغا بہترین کپتان ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات روشن ہیں۔
ایشیا کپ کا آغاز آج سے متحدہ عرب امارات میں ہو رہا ہے۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں دو گروپ میں تقسیم ہیں۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور یو اے ای شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان اپنی مہم کا آغاز 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کرے گا، جبکہ شائقین کو سب سے زیادہ انتظار پاک بھارت ٹاکرے کا ہے جو 14 ستمبر کو شیڈول ہے۔ یہ میچ روایتی حریفوں کے مابین ایک بڑا معرکہ ثابت ہوگا۔
ایشیا کپ 2025 میں بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے، تاہم شائقین کی بڑی تعداد پاکستان کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے بے تاب ہے۔
انعامی رقم کے حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل نے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انعامی رقم کی تفصیلات جلد جاری کر دی جائیں گی۔