
صدیوں سے دیہات میں ٹٹہری (Lapwing) کو بارش اور موسمی پیش گوئی کی علامت سمجھا جاتا ہے
صدیوں سے دیہات میں ٹٹہری کو بارش اور موسمی پیش گوئی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس پرندے کی حرکات و عادات فطرت کے رازوں سے جڑی ہوئی ہیں جنہیں سائنس آج تک مکمل طور پر سمجھ نہیں سکی۔
رواں برس ایک غیر معمولی مشاہدہ سامنے آیا ہے کہ پچاس برسوں بعد پہلی مرتبہ ٹٹہری نے چھت پر کئی جگہ انڈے دیے ہیں۔ دیہی روایات کے مطابق اگر ٹٹہری چار انڈے دے تو چار ماہ بارش ہوتی ہے، جبکہ اونچی جگہ انڈے دینا زیادہ بارش کی علامت مانا جاتا ہے۔
دیہاتی دانش کا کہنا ہے کہ ٹٹہری عام طور پر درخت، کھمبے، دیوار یا چھت پر نہیں بیٹھتی، لیکن اگر وہ چھت پر انڈے دے تو یہ پانی سے تباہی کی پیش گوئی سمجھی جاتی ہے۔
مقامی عقائد کے مطابق جس کھیت میں ٹٹہری انڈے دے، وہ کھیت کبھی خالی نہیں رہتا، اور اگر کسی سال یہ پرندہ انڈے نہ دے تو بڑے حادثے کا امکان ظاہر کیا جاتا ہے۔
فطرت کے ان رازوں کو دیکھ کر لوگ حیران ہیں کہ کیا واقعی ٹٹہری کے یہ رویے قدرتی وارننگ سسٹم ہیں یا محض دیہی کہانیاں؟ سائنسدان بھی اس سوال کا مکمل جواب دینے سے قاصر ہیں۔