
ڈیرہ بگٹی میں بلاسٹ
ڈیرہ بگٹی کے علاقے یارو پٹ، جو سندھ اور بلوچستان کی سرحدی پٹی پر واقع ہے، میں بارودی سرنگ کے دو خوفناک دھماکے ہوئے جن میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے اچانک اس وقت ہوئے جب مقامی افراد روزمرہ کے معمولات کے لیے علاقے سے گزر رہے تھے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور یارو پٹ سمیت قریبی دیہات کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ابتدائی طور پر دھماکوں کی نوعیت بارودی سرنگ قرار دی جا رہی ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے ہوئے ہوں، ماضی میں بھی ایسے واقعات میں معصوم جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ عوامی سطح پر مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ علاقے کو بارودی مواد سے مکمل طور پر صاف کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔