پاک بھارت میچ سے قبل پلیئنگ الیون اور ٹکٹوں کی مانگ میں ہلچل
دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو کھیلا جانے والا بڑا مقابلہ شائقین کرکٹ کے لیے سب سے بڑی خبر بن گیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور بلیک میں ٹکٹس 350 درہم تک فروخت ہو رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم، جو چھ دن قبل بھارت سے گروپ میچ میں 7 وکٹوں سے ہاری تھی، اس بار نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جارحانہ مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز اور بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم کو پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ فہیم اشرف کی واپسی متوقع ہے جبکہ خوشدل شاہ کے شامل ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
پاکستان کی متوقع پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، فہیم اشرف، کپتان سلمان علی آغا، محمد نواز، حسین طلعت، وکٹ کیپر محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہوں گے۔ ٹیم مینجمنٹ نے بھارتی بیٹنگ لائن اپ کو اس بار اسپن کے بجائے فاسٹ بولنگ سے دباؤ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت کی ٹیم میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فاسٹ بولر جسپریت بمرا اور بیٹر ورون چکرورتھی کی فائنل الیون میں واپسی ہوگی، جبکہ ہرشیت رانا اور ارشدیپ سنگھ کو ڈراپ کیا جائے گا۔
ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں بھارت ناقابلِ شکست رہا اور تینوں میچز جیتے، جبکہ پاکستان نے تین میں سے دو میچز جیتے اور ایک میں بھارت کے ہاتھوں شکست کھائی تھی۔ گروپ میچ میں صاحبزادہ فرحان 40 اور شاہین شاہ آفریدی 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے لیکن بھارت نے یہ میچ 7 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔
ایشیا کپ سپر فور کا آغاز آج سری لنکا اور بنگلہ دیش کے میچ سے ہوگا۔ 21 ستمبر کو پاکستان اور بھارت دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔ 23 ستمبر کو پاکستان ابوظہبی میں سری لنکا کا مقابلہ کرے گا، جبکہ 24 اور 25 ستمبر کو بنگلہ دیش بالترتیب بھارت اور پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت میچ کے لیے اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری مقرر کیے گئے ہیں۔