ایل پی جی گھریلو سلینڈر سستے کر دیے گئے
اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق ایل پی جی 6 روپے 71 پیسے فی کلو سستی ہوگئی ہے جبکہ 11.8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر 79 روپے 14 پیسے سستا کر دیا گیا ہے۔
اس کمی کے بعد فی کلو قیمت 207 روپے 49 پیسے اور گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 448 روپے 33 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔
اوگرا اس سے قبل بھی کئی بار ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کر چکا ہے۔ جون میں ایل پی جی 4 روپے 63 پیسے فی کلو اور سلنڈر 54 روپے 60 پیسے سستا کیا گیا تھا۔ جولائی میں فی کلو 7 روپے 43 پیسے اور سلنڈر 87 روپے 71 پیسے کم کیا گیا۔
اگست میں سب سے بڑی کمی دیکھنے میں آئی جب فی کلو 17 روپے 73 پیسے اور گھریلو سلنڈر 209 روپے 24 پیسے سستا ہوا۔ ستمبر میں بھی اوگرا نے ایل پی جی فی کلو ایک روپے 18 پیسے اور سلنڈر 13 روپے 89 پیسے سستا کیا تھا۔
یوں اوگرا کی جانب سے لگاتار قیمتوں میں کمی سے صارفین کو ریلیف مل رہا ہے۔