ایچ ای سی نے امریکہ کے لیے پی ایچ ڈی کا اعلان کر دیا
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے امریکہ کی اعلیٰ جامعات میں مکمل وظیفے پر پی ایچ ڈی کے مواقع فراہم کر دیے۔ پاکستانی طلبہ اب پاک۔امریکہ علم راہداری منصوبے کے تحت 300 بہترین امریکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
ایچ ای سی کے مطابق موسمِ بہار کے مرحلے کے لیے درخواستوں کی آخری تاریخ 15 نومبر 2025 مقرر کی گئی ہے، جب کہ درخواستیں صرف ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
اسکالرشپ کے لیے امیدوار کا پاکستانی یا آزاد کشمیر کا شہری ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، اور اس کے پاس کم از کم 16 سالہ تعلیم ہونا ضروری ہے۔ اسکالرشپ میں فیس، ماہانہ وظیفہ، علاج اور واپسی کا ہوائی ٹکٹ شامل ہے۔
پاکستانی یونیورسٹیاں عالمی رینکنگ میں کس نمبر پر ہیں
ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 جاری کر دی، جس میں 115 ممالک کی 2 ہزار 191 یونیورسٹیاں شامل ہیں۔ پاکستان کی 99 جامعات نے اس سال کی عالمی درجہ بندی میں جگہ بنا کر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 48 پاکستانی یونیورسٹیوں کو باضابطہ رینک حاصل ہوا جبکہ 51 جامعات کو “ریپورٹر” اسٹیٹس دیا گیا۔ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد 401 سے 500 درجے کے درمیان شمار کی گئی۔
کامسیٹس یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی، نسٹ اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی 600 سے 800 کیٹگری میں شامل ہوئیں، جبکہ یو ایم ٹی لاہور اور نسٹ نے 1000 سے 1200 عالمی درجہ بندی میں جگہ حاصل کی۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کے مطابق پاکستانی جامعات کی مجموعی کارکردگی میں گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، اور ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 کو طلبہ و اساتذہ کے لیے معیار کا ایک اہم عالمی پیمانہ قرار دیا گیا ہے۔