قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کی جنوبی افریقہ پر شاندار 93 رنز سے فتح
لاہور – قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
چوتھے دن کے کھیل میں کھانے کے وقفے کے بعد قومی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے دو اہم وکٹیں حاصل کر کے جنوبی افریقہ کی اننگز کا خاتمہ 183 رنز پر کیا، جب کہ اسپنر نعمان علی نے پورے میچ میں 10 شکار کر کے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
دوسری اننگز میں شاہین آفریدی اور نعمان علی نے چار، چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 اور دوسری اننگز میں 167 رنز بنائے، یوں مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا گیا۔ جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 269 رنز بنا سکا۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق اور آغا سلمان نے پہلی اننگز میں شاندار 93، 93 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
شاہین آفریدی کی تیز رفتار گیند بازی اور نعمان علی کی گھومتی گیندوں نے جنوبی افریقی بیٹرز کو بے بس کر دیا۔ دن کے آغاز پر ٹونی ڈی ذوزی بغیر کوئی اضافہ کیے شاہین کا شکار بنے جبکہ باقی بیٹرز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے سیریز میں برتری کا باعث بنی بلکہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کی برتری کو ایک بار پھر ثابت کر دیا۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا ممکن
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اگر پاکستان اور بھارت اپنی آنے والی سیریز میں کامیاب رہتے ہیں تو دونوں ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے کے مدِمقابل آ سکتی ہیں۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر دونوں ٹیمیں اپنے اگلے میچز جیتنے میں کامیاب رہیں تو آئندہ سال لارڈز کے تاریخی میدان میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل "پاک بھارت” مقابلے کی صورت اختیار کر سکتا ہے ، جو دنیا بھر کے شائقین کے لیے ایک تاریخی موقع ہوگا۔