اسلام آباد۔۔۔
آزاد کشمیر کی بدلتی سیاسی صورتحال اور متوقع عدم اعتماد تحریک کے تناظر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان آج ایوانِ صدر اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں قائم وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی حکومت کی کارکردگی، پارلیمانی عدم اطمینان اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر میں پوزیشن، اراکینِ اسمبلی کے تحفظات اور حکومت مخالف دباؤ کا جائزہ لیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام، آئینی تسلسل اور عوامی نمائندگی کے تقاضے پورے کرنے کے لیے باہمی مشاورت اور آئینی راستے اپنائے جائیں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی یہ ملاقات آزاد کشمیر میں ممکنہ سیاسی تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ کن پیش رفت تصور کی جا رہی ہے، جو آنے والے دنوں میں اسمبلی کی صورتِ حال پر واضح اثرات ڈال سکتی ہے۔ ملاقات کے دوران قومی و علاقائی امور، سلامتی کی صورتحال، اور خطے میں بدلتے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ داخلہ سینیٹر محسن نقوی، وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور دیگر وفاقی وزراء شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی مشاورت کے تسلسل پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور آزاد کشمیر کے درمیان تعاون اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی۔