اسلام آباد۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا ہےکہ عمران خان کسی ڈیل کے خواہشمند نہیں، انہیں کسی ڈیل کی آفر کرنا اور ڈیل کی باتیں تین دہائیوں کی سیاسی جدوجہد اورہزاروں کارکنوں کی قربانیوں کی توہین ہے ۔
ایک وفاقی وزیر کی طرف سے عمران خان کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے سینیٹر ذیشان خانزادہ کا کہنا تھا کہ عمران خان تین دہائیوں سے پاکستان میں فرسودہ سیاسی نظام کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں،اس جدوجہد کے دوران پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں کو شہید کیا گیا ،ہمارے ہزاروں کارکن اب بھی جیلوں میں بے گناہ قید کاٹ رہے ہیں، پوری پارٹی نے اس جدوجہد کی بہت بڑی قیمت ادا کی ، دوتہائی اکثریت کے باوجود پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چھینا گیا، منتخب حکومت کو سازشوں کے ذریعے ختم کیا گیا، کارکنوں اور رہنمائوں کی ایک بڑی اکثریت آج بھی جھوٹے مقدمات کا سامنا کررہی ہے ،اتنی بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد ایسی باتیں کرنا کہ عمران خان اڈیالہ سے بنی گالہ منتقل ہوجائیں یہ ہماری قیادت اور کارکنوں کی توہین ہے۔
عمران خان نے کب کہا کہ مجھے جیل سے ڈیل کرکے باہر آناہے، وہ تو کسی ڈیل کے خواہشمند ہی نہیں ، عمران خان مقدمات کا سامنا کررہے ہیں ان شاء اللہ سرخرو ہوکر ہی باہر آئیں گے۔
سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ فارم47 کے ذریعے مسلط کردہ ٹولہ یہ چاہتاہے کہ عمران خان کوئی ایسی رعایت قبول کرلیں جسے ہم ڈیل کانام دے کر ڈھنڈورا پیٹ سکیں لیکن یہ ان کی بھول ہے ۔
سینیٹر خانزادہ کا مزیدکہنا تھاکہ اگر آفر تک بات آ ہی گئی ہے تو پھر آفر عمران خان کی قبول کریں جو ملک اور قوم کے مفاد میں ہے ،عمران خان نے افغانستان کے ساتھ تنازعات حل کرانے کی پیشکش کی اسے قبول کیا جائے ۔ ریاستی جبر اور دھاندلی زدہ انتخابی نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنے پر بات کی جائے