لاہور سی بی ڈی این ایس آئی ٹی منصوبہ امپیریل کالج لندن نہیں
ہیلتھ کیئر کمپنی نووا کیئر نے میڈیا رپورٹس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے سی بی ڈی این ایس آئی ٹی منصوبے کو بعض میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس میں غلط انداز میں امپیریل کالج لندن سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ امپیریل کالج ہیلتھ کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ کے اشتراک سے ہے، جو برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے تحت کام کرنے والا طبی ادارہ ہے۔
نووا کیئر کے ترجمان نے بتایا کہ این ایچ ایس ٹرسٹ اور امپیریل کالج لندن دو علیحدہ ادارے ہیں ، پہلا طبی اور اسپتالوں کا نظام ہے، جبکہ دوسرا ایک تعلیمی ادارہ ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں مجوزہ منصوبہ ایک اکیڈمک میڈیکل سینٹر کے قیام سے متعلق ہے جو علاج، تعلیم، تحقیق اور جدت کو یکجا کرے گا۔
یہ منصوبہ نووا کیئر کے اسلام آباد میں جاری 250 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال کے طرز پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جو 50 فیصد سے زائد مکمل ہو چکا ہے اور 2026 کی چوتھی سہ ماہی میں افتتاح متوقع ہے۔
نووا کیئر نے کہا کہ لاہور کا منصوبہ اسلام آباد اسپتال کے پیمانے، معیار اور ڈھانچے کے مطابق ہوگا اور امپیریل کالج ہیلتھ کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔