کشمیری عوام نہ پہلے مودی کے بہکاوئے میں آئے نہ آئندہ آئیں گے،حق خود ارادیت ہی کشمیری عوام کا بنیادی مطالبہ ہے
استنبول ۔۔
ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمزکے چیئرمین اور جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے خارجہ امور کے نمائندہ نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 جب بھارت نے تمام بین الاقوامی ضوابط اور قوانین کے علاوہ تقسیم برصغیر کے وضع کردہ اصولوں اور اہل کشمیر کی امنگوں اور خواہشات کا خون کرکے اپنی ناپاک فوجیں سرینگر ائیر پورٹ پر اتاریں۔یہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی اور ناجائز قبضے کی شروعات تھی اور پھر وقت گزرنے کیساتھ ساتھ بھارت نے اپنے اس غاصبانہ قبضے کو دوام بخشنے کیلئے نت نئے اقدامات کیے۔مقبوضہ جموں وکشمیر کے طول و عرض میں بھارتی فوجی چھاونیاں اور کیمپ قائم کیے گئے۔خطے میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ کیا جاتا رہا اور یوں کشمیری عوام کے سروں پر بھارت مسلط ہوگیا۔
نذیر احمد قریشی جو ترکیہ کے دورے پر ہیں نے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ27 اکتوبر کشمیری عوام کیلئے یوم سیاہ اور سوگ کا دن ہے۔بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو اپنی فوجی طاقت کے ذریعے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا، تب سے کشمیری عوام تاریخ کی عظیم اور لازوال جدوجہد میں مصروف عمل ہیں،جس میں لاکھوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں اور آج بھی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔نہ صرف کنٹرول لائن کی دونوں جانب بلکہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں تاکہ بھارت پر یہ واضح کیا جا سکے کہ وہ جموں و کشمیر پر اس کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا مقصد دنیا کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اس کے وعدے یاد دلانا ہے۔کیونکہ پوری عالمی برادری کو گواہ ٹھہرا کر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے اہل کشمیر کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا ہے۔بھارتی حکمران اپنے وعدوں سے نہ صرف مکر گئے،بلکہ جموں و کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیا،جو مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی 16سے زائد قراردادوں کی صریحا خلاف ورزی ہے۔
نذیر احمد قریشی نے کہا کہ ہندوتوا نظریہ سے چلنے والے بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کے تمام حقوق غصب کر رکھے ہیں۔بھارت کا اہل کشمیر کے حق خودارادیت سے مسلسل انکار دنیا کیلئے ایک چیلنج ہے۔البتہ پرعزم کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے دنیا کی مضبوط حمایت کے مستحق ہیں۔اہل پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت ان کے حوصلوں میں مزید توانائی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ کشمیری عوام کو مودی کی جارحیت سے نجات دلائیں۔اہل کشمیر اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک وہ بھارتی غلامی سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔