ویٹ لفٹنگ کے متعدد کھلاڑیوں اور آفیشلز پر پابندی
اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ویٹ لفٹنگ سے وابستہ متعدد کھلاڑیوں اور آفیشلز پر پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ایس بی کے مطابق یہ پابندیاں عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی اور انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی رپورٹ کے بعد لگائی گئی ہیں۔ کارروائی “آپریشن جیسمن” کے تحت ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد عمل میں آئی۔
پابندی کی زد میں آنے والوں میں شارجل بٹ، عبدالرحمن، غلام مصطفیٰ، فرحان مجید سمیت کئی کھلاڑی شامل ہیں، جب کہ سابق صدر پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن حافظ عمران بٹ، کوچ عرفان بٹ اور وقاص اکبر پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق کھلاڑی اور کوچ بین الاقوامی پابندی کے دورانیے کے دوران کسی بھی کھیل میں حصہ نہیں لے سکیں گے، جب کہ آفیشلز پر چار سال کے لیے کھیلوں سے متعلق تمام سرگرمیوں میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
عدالتِ ثالثی برائے کھیل کے فیصلے کے بعد یہ پابندیاں مؤثر ہو چکی ہیں۔ پی ایس بی نے مؤقف اپنایا ہے کہ پاکستان صاف، شفاف اور منصفانہ کھیل کے عزم پر قائم ہے۔
نوٹیفکیشن کی نقول بین الاقوامی اداروں بشمول آئی او سی، او سی اے، آئی ڈبلیو ایف، ڈبلیو اے ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔