افغان کرکٹ اسٹار راشد خان کی دوسری شادی کی تصدیق
مشہور افغان کرکٹ اسٹار راشد خان نے بالآخر اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ چند روز قبل خان چیریٹی فاؤنڈیشن کے ایک پروگرام میں ان کے ساتھ نظر آنے والی خاتون ان کی دوسری اہلیہ ہیں۔ یاد رہے کہ راشد خان کی پہلی شادی کابل میں ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق راشد خان کی پہلی شادی زیادہ تر ثقافتی اور خاندانی دباؤ کے تحت ہوئی تھی، جس میں ان کی ذاتی خوشی کا عمل دخل کم تھا۔ افغانستان میں یہ ایک عام روایت سمجھی جاتی ہے کہ مرد اکثر ایسی شادیوں کے بعد دوسری شادی کر لیتے ہیں۔
طالبان حکومت کے قیام کے بعد ملک میں ایک سے زائد شادیوں کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے، اور مذہبی طبقات ایسے افراد کو "باعزت” اور "بہادر” قرار دیتے ہیں جو متعدد شادیوں کے حامی ہوں۔
راشد خان جیسے بین الاقوامی شخصیت کے لیے ایک تعلیم یافتہ اور باہمت شریکِ حیات کا ساتھ ہونا نہ صرف ان کے کیریئر بلکہ ذاتی زندگی کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ کرکٹر کے مطابق انہوں نے یہ شادی محبت کی بنیاد پر کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان کی دوسری بیوی سے ان کا گہرا تعلق ہے اور دونوں خاندانوں نے اس رشتے کو قبول کر لیا ہے۔ تاہم، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف حلقوں میں تنقید اور تنازعے کا سلسلہ جاری ہے۔
کچھ مذہبی گروہ خاتون کے بغیر حجاب عوامی تقریب میں نظر آنے پر اعتراض کر رہے ہیں، جبکہ بعض مغربی نظریات رکھنے والے افراد دوسری شادی کے معاملے پر تنقید کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ راشد خان اور ان کی اہلیہ کو چاہیے کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے متاثر ہوئے بغیر اپنی زندگی پر توجہ مرکوز رکھیں اور افغانستان میں موجود سماجی اور مذہبی حساسیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے محتاط رہیں۔
دعا ہے کہ راشد خان اور ان کی اہلیہ اپنی نئی زندگی خوشی، محبت اور اعتماد کے ساتھ گزاریں۔