ساؤتھ ایئر کی پہلی پرواز جلد کراچی سے ملتان کے لئے اڑان بھرے گی
اسلام آباد ۔۔
سابق وزیر اعظم و چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ساوتھ ایئر لائن کے آغاز کے اعلان کی تقریب میں کہا کہ پاکستان کی اصل بنیاد اس کے چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں میں ہے اور وہ جنوبی پنجاب سمیت ملک کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ملتان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے خوشی کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ نجی ایئر لائن کے قیام سے وہ خطے جو برسوں سے ترقی کے منتظر رہے، اب ملکی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے لگیں گے اور یہ اقدام قومی یکجہتی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس او ایس گروپ کنور طارق کی قیادت کو سراہا اور اس منصوبے کی عملی شکل دینے پر ستائش کی۔ ساتھ ہی انہوں نے ساؤتھ ایئر کی سربراہ نشاط فاطمہ کو اس تاریخی قیادت پر مبارکباد دی کہ پہلی بار کسی فضائی کمپنی کی اعلیٰ قیادت ایک خاتون کے پاس ہے، جسے انہوں نے پیشہ ورانہ قابلیت اور انتظامی بصیرت کا ثبوت قرار دیا۔

چیئرمین نے ریٹائرڈ ایئر وائس مارشل اعجاز محمود ملک کے پیشہ ورانہ کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا جنہوں نے اپنی وسیع تجربے کی بدولت منصوبے کو اعتماد بخش سمت دی۔ انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ ایئر کی پہلی پرواز بہت جلد کراچی سے ملتان کے لئے اڑان بھرے گی اور آہستہ آہستہ ملک کے دیگر حصوں تک فضائی رابطے مضبوط کیے جائیں گے
۔ملتان کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شہر صرف جنوبی پنجاب کا مرکز نہیں بلکہ تہذیب اور خدمت کا گہوارہ ہے اور ملتان سے اس منصوبے کا آغاز علاقے کے اعتماد اور ترقی کی خواہش کا مظہر ہے۔ انہوں نے عوام اور کاروباری طبقات کو یقین دلایا کہ ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی کاوشیں جاری رہیں گی۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر رانا قاسم نون، سابق سینیٹر ثنا جمالی، سابق رکن صوبائی اسمبلی سید احمد مجتبیٰ گیلانی، رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر، معروف اداکارہ فریال گوہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کنور طارق، کنور شاہد، سربراہ ساؤتھ ایئر نشاط فاطمہ، ریٹائرڈ ایئر وائس مارشل اعجاز محمود ملک، صدر چیمبر آف کامرس ملتان بختاور تنویر شیخ اور دیگر سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔انہوں نے آخر میں دعا کی کہ ساؤتھ ایئر کا یہ سفر کامیاب اور ہر پرواز محفوظ ہو تاکہ یہ ادارہ عوام کی سہولت اور ملک کی خدمت کا ذریعہ بنے اور ملک کے داخلی روابط اور معاشی سرگرمیوں میں مثبت تبدیلی لائے۔