اسلام آباد ۔۔۔۔
حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل چاہتے ہیں۔ ہم قسطوں میں تقسیم شدہ حل کے قائل نہیں۔ ہمارا مؤقف سہہ فریقی مذاکرات ہے، دوطرفہ مذاکرات مسئلے کا حل نہیں۔ ہم اس ملک کی ثالثی قبول نہیں کریں گے جو بھارت کا قریبی شراکت دار ہو؛ ثالثی صرف وہ ملک کرے جو غیر جانبدار ہو ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ فورم(یکجا) کا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔ وفد نےیکجا کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف وانی کی قیادت میں حریت کانفرنس کے کنوینر اور دیگر سے ملاقات کی ۔
یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ فورم کے وفد سے ملاقات کے دوران جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد نے وفد کو دفتر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے۔ آپ نے ہمیشہ کشمیر کاز کو جس ذمہ داری اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس اور یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ فورم کے درمیان قریبی ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ آپ بھی ہماری طرح تحریک کے اہم اسٹیک ہولڈر ہیں۔
بعد ازاں فورم کے صدر ڈاکٹر اشرف ڈار اور فورم کے دیگر نمائندگان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تفصیلی اور رہنمائی پر مبنی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بیانیہ واضح، مضبوط اور درست ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا آج اگر اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں تحریک کشمیر زندہ ہے تو اس کا بڑا کریڈٹ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کو جاتا ہے۔
کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے وفد کی آمد پر دلی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں اللّٰہ تعالیٰ نے ایمان والوں کو ہدایت دی ہے کہ جب دشمن کے مقابل کھڑے ہو تو ثابت قدم رہو، باہمی اختلاف سے بچو ورنہ تمہاری ہیبت اور رعب ختم ہوجائے گا۔ صبر کرو تاکہ کامیابی تمہارا مقدر بنے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس محض ایک فورم ہے، لیکن ہمارا اصل مقصد تحریکِ آزادیِ کشمیر کو تقویت پہنچانا اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ ہم اپنی تنظیم کی تشہیر نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کی تشہیر دنیا کے ہر فورم تک پہنچانا چاہتے ہیں، کیونکہ آزادیِ کشمیر ہمارے لیے مقدم ہے۔
غلام محمد صفی نےایک بار پھر یہ واضح کردیا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل چاہتے ہیں۔ ہم قسطوں میں تقسیم شدہ حل کے قائل نہیں۔ ہمارا مؤقف سہہ فریقی مذاکرات ہے، دوطرفہ مذاکرات مسئلے کا حل نہیں۔ ہم اس ملک کی ثالثی قبول نہیں کریں گے جو بھارت کا قریبی شراکت دار ہو؛ ثالثی صرف وہ ملک کرے جو غیر جانبدار ہو ۔ ہم ترقیاتی پیکجز نہیں چاہتے، ہمیں حقِ خودارادیت چاہئے ۔
یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعیم الاسد، شوکت ابوزر، جاوید احمد، عبدالعزیز، ظہور احمد، چوہدری آصف، ہلال احمد، ارشد حسین، محمد عمر، حریت رہنما انجینئر محمود، عبدالمجید لون، منظور احمد ڈار، سید گلشن، شیخ عبدالماجد، محمد شفیع ڈار، امتیاز وانی، قاضی عمران، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر صدر مہاجر کیمپ چوہدری عبدالحمید چھتر نمبر 2, اسسٹنٹ کمشنر منیر قریشی کے والد جلیل قریشی ،رفیق احمد صوفی کے والد اور اللہ دتہ صدیقی کے والد کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحومین کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔