جموں و کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا حل عالمی امن کیلئے ضروری ہے
لندن ۔۔۔ کشمیر کمپین گلوبل لندن نے پیٹرزبرگ برطانیہ میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں کونسلروں کے علاوہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اجاگر کرتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ مرکوز کی گئی ۔
کشمیر کمپین گلوبل کے رہنمائوں ڈاکٹر محمد اشفاق اور ظفر قریشی نے اس ایونٹ میں شرکت کی اور حاضرین سے خطاب کیا۔ دیگر شرکا میں سابق لارڈ مئیر راجہ اختر، کونسلرز امتیاز علی، اورنگزیب، سابق کونسلر انصار علی، ڈاکٹر اظہر چوہدری، ڈسٹرکٹ کونسلر چوہدری غفار شاہد، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر راجہ نوید عارف، سیکریٹری جنرل نوید مرزا، چیئرمین راجہ جاوید، سماجی کارکن مجید، محمد توقیر چوہدری، ڈاکٹر محمد اکرام، چوہدری اشتیاق، چوہدری سلطان، ایڈوکیٹ راجہ تصدق اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔
اپنے ابتدائی کلمات میں ڈاکٹر محمد اشفاق نے مسئلہ کشمیر کی تاریخ، تنازعے کے پس منظر اور کشمیر کمپین گلوبل کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔کشمیر کمپین گلوبل کے سربراہ ظفر قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تفصیل سے بریفنگ دی، اور اسے دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے علاقوں میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہ کرنے کی کوششوں پر زور دیا۔سابق لارڈ مئیر راجہ اختر نے کہا کہ پیٹرزبرگ کونسل کے مسلم کونسلرز کو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
کونسلر انصار علی نے اتحاد کو مضبوط اجتماعی آواز کی کنجی قرار دی، جبکہ کونسلر امتیاز علی نے فلسطین سالیڈیرٹی کونسل کی جانب سے اپنی گفتگو میں کہا کہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا حل عالمی امن کیلئے ضروری ہے۔ کونسلر اورنگزیب نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کبھی ماند نہیں پڑ سکتی کیونکہ یہ کشمیری عوام کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کیلئے لڑی جاتی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری غفار شاہد نے مسئلہ کشمیر کی تاریخی حقیقت کو دنیا تک پہنچانے کیلئے ایک واضح اور موثر بیانیہ کی ضرورت پر زور دیا۔ اپنے اختتامی کلمات میں پی ایم ایل ن جنوبی زون کے صدر طارق جمیل راجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے زندہ ہے اور آئندہ نسلوں کو تحریک آزادی کشمیر کو آگے بڑھانے کیلئے تیار کرنا ہوگا۔سیمینار کا اختتام جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے جابرانہ قبضے کی حکومتوں سے چھٹکارا پانے کے سلسلے میں اجتماعی دعا کیساتھ ہوا۔