برازیل کی جیلوں میں قیدیوں کو سزا میں کمی کا ایک منفرد نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت تعلیم اور محنت کے ذریعے قیدی اپنی قید کی مدت کم کر سکتے ہیں۔ برازیل کے قوانین کے مطابق ہر وہ قیدی جو ایک کتاب پڑھ کر اس پر تحریری رپورٹ تیار کرتا ہے، اسے سزا میں چار دن کی رعایت دی جاتی ہے۔
اسی طرح برازیل کی سانتا ریتا جیل میں ایک مختلف پروگرام نافذ کیا گیا ہے جہاں قیدی روزانہ بجلی پیدا کرنے والے پہیے کو چلانے کے لیے ورزش کرتے ہیں۔
ہر 24 گھنٹے کی اس سرگرمی کے بدلے قیدی کی سزا میں ایک دن کی کمی کر دی جاتی ہے۔ جیل انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد قیدیوں کی جسمانی صحت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں مفید سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے نفاذ کے بعد قیدیوں کے درمیان تشدد کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ قیدی یہ احساس بھی رکھتے ہیں کہ وہ اپنی سزا کے دوران معاشرے کے لیے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، جو ان کی اصلاح اور بحالی میں اہم کردار ثابت ہو رہا ہے۔