مکہ مکرمہ ۔۔
سعودی عرب کے شہری ریان بن سعید العسیری نے مقدس زمین مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں بالائی منزل سے چھلانگ لگانے کی کوشش کرنے والے شخص کو بچا کر غیر معمولی ہمت اور بے لوثی کا مظاہرہ کیا۔ ریان نے نہ صرف سعودی سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور لگن کی مثال قائم کی بلکہ انسانیت کیلئے بھی انہوں نے تاریخ رقم کردی ہے جس کی بدولت وہ سب کے حقیقی ہیرو بن گئے ۔
مسجد الحرام میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کے دوران ایک شخص نے انتہائی قدم اٹھانے کی کوشش کی، تاہم موقعہ پر موجود بہادر سیکیورٹی افسر ریان بن سعید العسیری نے بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے فوری مداخلت کی۔ افسر نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر متاثرہ شخص کو سنبھالنے کی کوشش کی، جس کے باعث گرنے کی شدت کم ہو گئی اور قیمتی انسانی جان بچ گئی۔

واقعے کے نتیجے میں متاثرہ شخص کو چوٹیں آئیں تاہم وہ جان سے محفوظ رہا، جبکہ اس جرات مندانہ کوشش کے دوران سیکیورٹی افسر خود بھی زخمی ہو گیا۔ یہ واقعہ سعودی سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، فرض شناسی اور انسانی ہمدردی کا عملی ثبوت ہے۔
یہ اقدام نہ صرف مسجد الحرام جیسے مقدس مقام کے تقدس کے تحفظ کی مثال ہے بلکہ اس بات کی بھی یاد دہانی ہے کہ بروقت اقدام اور خلوصِ نیت سے کی گئی کوششیں انسانی جانیں بچا سکتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس بہادر افسر کو جزائے خیر عطا فرمائے اور زخمیوں کو مکمل شفا نصیب ہو۔
اس واقعہ کے بعدریان وائرل ہوگئے اور ان کی جرت و ہمت کو سب داد دے رہے ہین ۔ سعودی وزیر داخلہ نے سیکیورٹی اہلکار ریان بن سعید کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے انسان دوستی اور فرض شناسی پر ریان کو خراج تحسین پیش کیا ۔ سوشل میڈیا پر بھی ریان کی ہمت اور حوصلہ کو سراہا جارہا ہے ۔