اسلام آباد جی سیون میں سلینڈر دھماکہ دلہا دلہن جان کی بازی ہار گئے
اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی کی خوشیاں چند لمحوں میں قیامت میں بدل گئیں، جہاں گھر میں گیس سلنڈر کے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں دولہا اور دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ شادی والا گھر مکمل طور پر زمین بوس ہو گیا جبکہ ملحقہ چار مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا۔ دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا اور مجموعی طور پر 16 افراد کو ملبے سے نکالا گیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں آرتھوپیڈک، برن اور نیورو ڈیپارٹمنٹس میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد صاحبزادہ یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے، تاہم واقعے کی مزید جانچ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا، جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں جوراں بی بی، سنیل مسیح، شیری حنیف، مہک زوجہ شیری حنیف، نعیم ولد یعقوب مسیح اور وسیم مسیح شامل ہیں۔ زخمیوں میں کاشف، سلمہ، تارا بی بی، عامر مسیح، فرزانہ نعیم، مریم بنت وسیم، ریٹا زوجہ وسیم اور آریان ولد وسیم شامل ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہل علاقہ اور لواحقین کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ شہریوں نے گیس سلنڈرز کے غیر محفوظ استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔