غزہ جنگ کے لیے بیس نکاتی ایجنڈا پیش
اسلام آباد ۔۔۔ عرفان شوکت
پاکستان نے غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کو امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی شمولیت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت غزہ امن منصوبے کی حمایت کا حصہ ہے۔ پاکستان نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کے نفاذ کی امید کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد میں اضافے اور غزہ کی ازسرِ نو تعمیر کا حامی ہے۔ پاکستان نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ فلسطین کے مسئلے کا حل ایک قابلِ اعتماد اور وقت کا پابند سیاسی عمل سے ممکن ہے۔ پاکستان نے ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کی ہے۔ مجوزہ فلسطینی ریاست 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو، پاکستان نے واضح کیا کہ تمام اقدامات بین الاقوامی قانون اور متعلقہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان بورڈ آف پیس میں تعمیری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان نے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی تکالیف کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دوسری طرف ترکیہ نے عالمی بھی “بورڈ آف پیس” میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کر دی ہے ۔ ترک وزیر خارجہ حکان فدان ڈیووس میں “بورڈ آف پیس” اجلاس میں ترکیہ کی نمائندگی کریں گے۔ ترک وزارت کے مطابق عالمی امن کے لیے ترکیہ کا فعال سفارتی کردار ہے ڈیووس فورم میں امن و استحکام پر اہم مشاورت متوقع ہے
8 ممالک بورڈ آف پیس میں شامل
امریکا کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت پر پاکستان سمیت آٹھ ممالک نے شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ پاکستان، مصر، اردن، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، یو اے ای اور انڈونیشیا بورڈ آف پیس میں شامل ہوں گے۔ وزرائے خارجہ نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا ہے ۔ پاکستان، مصر اور یو اے ای پہلے ہی بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کر چکے۔ بورڈ آف پیس میں شمولیت متعلقہ قانونی تقاضوں کے تحت مکمل کی جائے گی۔ بورڈ آف پیس غزہ میں مستقل جنگ بندی اور تعمیرِ نو کے لیے کام کرے گا ۔اعلامیہ کے مطابق بورڈ آف پیس عبوری انتظامیہ کے طور پر کردار ادا کرے گا۔ غزہ امن منصوبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت منظور شدہ ہے ۔