مظفر آباد…
وزیراعظم پاکستان کے اعلان کو عملی شکل دی جائے۔ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی گزارہ الاونس 6 ہزار روپے فی کس کے حساب سے فوری طور پر جاری کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین احمد نے پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے اعلان کے باوجود دس دن گزر جانے کے بعد بھی مہاجرین جموں و کشمیر کے لیے گزارہ الاونس میں اضافے کا سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، جو ناقابل فہم اور انتہائی تشویش ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی کی شدید لہر اور معاشی دباو کے سائے میں رمضان المبارک کا آغاز ہو رہا ہے۔ دہائیوں سے جلاوطن اور مفلوک الحال مہاجرین شدید مشکلات اور مسائل کا شکار ہیں۔ وہ انتہائی تکلیف دہ حالات میں زندگی گزار رہے ہیں اور شدت مسائل کی وجہ سے چیخ و پکار کر رہے ہیں۔
سید صلاح الدین احمد نے مزید کہا کہ ایک طرف مرکزی اور صوبائی حکومتیں رمضان کے لیے عوامی ریلیف پیکجز کے اعلانات میں ایک دوسرے سے سبقت لے رہی ہیں، مگر بدقسمتی سے دوسری طرف دہائیوں سے مظلوم اور خستہ حال مہاجرین مکمل عدم توجہی کا شکار ہیں۔
انہوں نے ارباب اختیار و اقتدار سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک کے نازک اور حساس ایام کے پیش نظر مہنگائی سے نڈھال مہاجرین کے حق میں گزارہ الاونس میں اضافہ (6 ہزار روپے فی کس تک) بلا تاخیر واگزار کیا جائے تاکہ وہ رمضان کے مقدس مہینے میں کچھ سکون اور آسانی سے گزار سکیں۔