بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ نکھل گپتا کا سکھ رہنما کے قتل کا اعتراف
امریکی عدالت میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ نکھل گپتا نے سکھ رہنما کے قتل کا اعتراف کرلیا
نیویارک: نکھل گپتا نے امریکی عدالت میں سکھ تحریک خالصتان کے امریکہ میں مقیم رہنما کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہونے کا اعترافِ جرم کر لیا ہے۔ نکھل گپتا نے یہ اعتراف امریکی مجسٹریٹ جج سارہ نیٹ برن کے روبرو کیا۔
امریکی حکام کے مطابق نکھل گپتا نے نیویارک سٹی میں ایک امریکی شہری کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی، جس کا واحد قصور یہ تھا کہ وہ بھارتی حکومت کا ناقد اور امریکہ میں آزادیٔ اظہار کے اپنے آئینی حق کا استعمال کر رہا تھا۔
ایف بی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اِن چارج جیمز سی بارنیکل جونیئر نے کہا کہ نکھل گپتا بھارتی حکومت کے ایک ملازم کی ہدایت اور رابطہ کاری میں کام کر رہا تھا، جس کا مقصد ایک غیر ملکی حکومت کی جانب سے امریکی سرزمین پر ایک ناقد آواز کو خاموش کرانا تھا۔
تحقیقات کے مطابق سنہ 2023 کے دوران نکھل گپتا نے بھارت اور دیگر ممالک میں موجود افراد کے ساتھ مل کر یہ سازش تیار کی، جن میں وکاش یادو بھی شامل تھا۔
امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس مقدمے کو قومی سلامتی اور آزادیٔ اظہار پر حملے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور اس طرح کی کارروائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔