Strait Of Hormuz
اسلام آباد:ارسلان سدوزئی ::::: ذرائع کے مطابق آبنائے ہرمز کی اچانک دوبارہ بندش کے باعث پاکستانی پرچم بردار آئل ٹینکر “خیرپور” سمیت کئی بین الاقوامی بحری جہاز راستے میں پھنس گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹینکر خیرپور نے آج صبح آبنائے ہرمز عبور کرنا تھا، تاہم سمندری راستے پر غیر معمولی رش اور کشیدگی کے باعث یہ جہاز گزرنے میں ناکام رہا۔ بعد ازاں صورتحال کے پیش نظر ٹینکر نے پناہ کے لیے خلیج فارس کی جانب واپس رخ کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق خیرپور تقریباً 80 ملین لیٹر خام تیل لے کر کویت سے کراچی پورٹ آ رہا تھا۔ اسی دوران تین بھارتی بحری جہاز بھی آبنائے ہرمز میں پھنس گئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبینہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کے اعلانات شروع کر دیے ہیں۔ اس دوران ایرانی جنگی کشتیوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ادھر تین فرانسیسی بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز کو تیزی سے عبور کرنے کی کوشش کی، تاہم کشیدہ صورتحال کے باعث انہیں بھی واپس خلیج فارس لوٹنا پڑا۔
پس منظر میں ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ پر حملوں کو ایران نے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا، جس کے بعد آج آبنائے ہرمز کی بندش کا اعلان کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایران کی جانب سے عارضی طور پر آبنائے ہرمز کھولے جانے کے دوران پاکستانی جہاز “شالیمار” کو گزرنے کی اجازت دی گئی تھی، جس نے امریکی پابندیوں کے باوجود یہ راستہ عبور کیا تھا۔
صورتحال تاحال کشیدہ ہے اور عالمی بحری تجارت پر اس کے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔