اسلام آباد ۔۔۔ دی مائنڈڈاٹ پی کے
جموں وکشمیر ایکسیشن فورم (جے کے اے ایف) نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار ہندوتوا ایجنڈے کے تحت کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
فورم کے چیئرمین نبی بیگ نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت نے فوجی طاقت کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنا جابرانہ تسلط برقرار رکھا ہے، آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی اور مقبوضہ علاقے کو دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کرنے کے بعد بھارت نے ہندوتوا پالیسیوں پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز، کریک ڈاؤن اور گھروں پر چھاپوں کے ذریعے کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ غیر کشمیریوں کو تیزی سے ڈومیسائل جاری کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ کشمیری عوام نے کبھی دل سے بھارت کو قبول نہیں کیا اور ان کے جذبات پاکستان کے ساتھ وابستہ ہیں۔چیئرمین جے کے اے ایف نے بھارت کی مختلف جیلوں میں قید تمام حریت رہنماؤں اور کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا، جن میں مسرت عالم بٹ، یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی اور دیگر شامل ہیں۔