اراکین اسمبلی جنہوں نے گوشوارے جمع نہیں کرائے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی
سابق اسمبلیوں کے ارکان اور دس سیاسی جماعتوں کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کروانے سے متعلق کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔ حکام الیکشن کمیشن نے کہا کہ سابق اسمبلیوں کے ارکان 12 اگست کو ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔مجموعی طور پر 37 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کروائے تھے۔
دوران سماعت ممبر کے پی نے کہا کہ سابق ارکان کیلئے گوشوارے جمع نہ کروانے پر قانون خاموش ہے۔ ممبر بلوچستان نے کہا کہ اگر قانون خاموش ہے تو کمیشن کیا کر سکتا ہے۔ حکام نے ایسے ارکان کو انتخابات کیلئے نئے کاغذات نامزدگی جمع نہ کروانے اور دس سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کی استدعا کی۔
جس پر ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آپ قانون کی کیا بات کرتے ہیں۔ قانون تو کہتا ہے کہ آزاد ارکان تین دن میں سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔ اب تو آزاد ارکان کو پندرہ دن دے دییے گئے۔ کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان اور سیاسی جماعتوں کو آخری موقع نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دوسری جانب قائد حزب اختلاف عمر ایوب پر دھاندلی سے جیتنے سے متعلق مخالف امیدوار بابر نواز کی درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔ کمیشن نے ڈی آر او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت چھ اگست تک ملتوی کر دی۔