
مظفر آباد ۔۔۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یوم حق خودارادیت کے موقعہ پر مشعل بردار ریلی نکالی گئی ۔ شرکا نے مشعلیں اٹھا کر مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا اور حق خودارادیت کی حمایت اور بھارتی فوجی قبضے کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔
ریلی سے عزیر احمد غزالی اور رویز احمد شاہ سمیت دیگر نے خطاب کیا ۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دلوائے ۔اقوام متحدہ نے 5 جنوری 1949 کو قراداد پاس کرکے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا۔ بھارت نے 5 اگست 2019 کا اقدام کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کی ہے
مقررین کا کہنا تھا کہ سات دہائیوں سے کشمیری حق خودارادیت کے منتظر ہیں،77 برسوں سے کشمیری بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ۔گزشتہ ماہ سے جاری "حق خودارادیت مہم” کے دوران مظاہرین نے وادی نیلم اور جہلم میں بھی ریلیاں نکال کر استصواب رائے کا مطالبہ کیا ہے ۔
مشعل بردار ریلی میں کل جماعتی حُریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے راہنماؤں راجہ خادم حسین ، نظیر احمد کرناہی ، عبد الماجد شیخ ، مشتاق احمد بٹ ، مشتاق الاسلام ، محمد اشرف ڈار ، سید گلشن شاہ ، عبد المجید میر ، عثمان علی ہاشم اور دیگر نے شرکت کی ۔