
اسلام آباد ۔۔۔
کشمیر کے ممتاز صحافی و کالم نگار اطہر مسعود وانی مرحوم کی یاد میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی ۔ مرحوم کی بلند درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

این پی سی میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی ، اے کے این ایس کے صدر اور ایڈیٹر صدائے چنار امجد چوہدری، آر آئی یو جے کے صدر، آر آئی یو جے کے نائب صدر بشیر عثمانی ،ایڈیٹر کنٹری نیوز سردار حمید ،کشمیر جرنلسٹس فورم کے سیکرٹری جنرل مقصود منتظر، سینیئر صحافی بلال ڈار ، پی ٹی وی کشمیر ڈیسک کے انچارج نعیم الاسد، سٹیٹ ویوز کےمنیجنگ ایڈیٹر کاشف میر ، سیںئر صحافی سردار کبیر ، کے جے ایف کے ممبر غلام نبی کشمیری اور قاضی صغیر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ دعائیہ تقریب میں مرحوم اطہر مسعود وانی کے فرزند عماد وانی، داماد اور ان کے بہنوئی آزادکشمیر کے سابق بیورو کریٹ فرحت وانی سمیت ان کے دیگر عزیز و اقارب بھی شریک تھے ۔
اس موقعہ پر شرکا نے مرحوم اطہر مسعود وانی کی شعبہ صحافت اورتحریک کشمیر کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے مرحوم وانی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اطہر مسعود وانی کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کوئی پر نہیں کرسکتا ۔ وہ کشمیر تاریخ کا زندہ حوالہ تھے ۔ ان کا قلم بے باک تھا جس کے ذریعے انہوں نے قوم کی وہ خدمت کی جس کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم وانی نے حقیقی معنوں میں کشمیریوں کی ترجمانی کی ۔ افضل بٹ نے مرحوم کی تحریروں ، کالموں اور مضامین کو کتابی شکل دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا پریس کلب اس کتاب کا خرچہ برداشت کرے گا ۔