
ایران میں پھنسے ظاہرین کو نکالنے کے انتطات کیے جا رہے ہیں
اسلام آباد۔۔۔ مقصود منتظر
ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد، ایک منظم اور جارحانہ فیک نیوز مہم کے تحت پاکستان کو نشانہ بنایا گیا، جس کے تانے بانے بھارتی اور صیہونی پروپیگنڈا نیٹ ورکس سے جا ملتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان کے خلاف یہ فیک نیوز مہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چلائی گئی، جس میں جعلی ایکس اکاؤنٹس، بوٹ نیٹ ورکس، اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز کا استعمال شامل تھا۔
ذرائع کے مطابق اس منفی مہم میں پاکستان پر الزام لگایا گیا کہ اس نے اسرائیل کے خلاف ایران کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کیں، جوہری حملے کی حمایت کی، اور پاک ایران سرحد پر میزائل حملوں کے خدشے کے تحت پاک فضائیہ کی تعیناتی کی گئی۔ اس مہم میں کئی ویڈیوز یا تو پرانی تھیں یا مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئیں، جنہیں بھارتی خفیہ ادارے را سے منسلک نیٹ ورکس نے بڑے پیمانے پر شیئر کیا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے بلکہ بارہا واضح کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے کسی عسکری بلاک کا حصہ نہیں اور خطے کے مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے۔
پاکستان نے اس پروپیگنڈے کو صریح جھوٹ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کا مقصد پاکستان کو غیر ضروری طور پر جنگی فریق بنانا اور عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب بھارت کی جانب سے ایک سازش کے تحت کیا گیا تاکہ نہ صرف پاکستان کے خلاف عالمی بیانیہ تیار کیا جائے بلکہ اسلامی دنیا میں اس کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے۔ ماضی میں بھی بھارت نے پلوامہ حملے، سرجیکل اسٹرائیک اور حالیہ جھوٹے جنگی دعوؤں میں فیک نیوز کا سہارا لے کر دنیا بھر میں اپنی سبکی کرائی ہے۔