
فلسطین اور کشمیر کے مسائل جب حل نہیں ہونگے تب تک کشیدگی ایسے رہے گی، ہم نے جنگ سے بہت سی چیزیں سیکھیں
اسلام آباد ۔۔۔ مقصود منتظر
کشمیر کے حریت رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ایرانی سفیر رضا مہدی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ ایران اسرائیل جنگ میں معصوم لوگوں کی اموات ہوئیں، جنگ بند ہو امن ہو ، تمام مسائل کا حل ہو ۔ایران اور اسرائیل کا سیز فائر عارضی نہ ہو ۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسائل جب حل نہیں ہونگے تب تک کشیدگی ایسے رہے گی، ہم نے جنگ سے بہت سی چیزیں سیکھیں ، بھارت نے اپنے ہی لوگوں کو مروا کر آبی دہشتگردی شروع کردی ، ایران اسرائیل جنگ میں ایک نئی بات سامنے آئی ، ایران موساد کے ایجنٹس کو سامنے لایا۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایران کی جنگ جب عروج پر تھی تو فیلڈ مارشل امریکہ میں تھے۔فیلڈ مارشل نے سیز فائر کے لیے بہت کوشش کی اور انہوں نے سیز فائر کے لیے راضی کیا جنگ میں امن کی بات کرنے والوں کا خاص کردار رہتا ہے ، جب تک فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ ختم نہیں ہوگا جنگ کا خطرہ رہے گا دنیا ان مسائل پر توجہ دے اور ان مسائل کو حل کرے ، اگر مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل نہ ہوئے تو لوگ سڑکوں اور گلیوں میں جنگیں لڑیں گے، دنیا جتنی متحد ہوگی اتنا مودی اور نیتن یاہو کو ٹف ٹائم ملے گا۔