
کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات
کراچی ۔۔۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان سے کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں، اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد کر رہے تھے، جبکہ دیگر اراکین میں سنیر حریت رہنما سید یوسف نسیم، راجہ خادم حسین، زاہد اشرف اور شیخ عبدالماجد شامل تھے۔

ملاقات کا مرکزی محور 8 جولائی کو کراچی میں شہید برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی "بنیان مرصوص ریلی” کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کرنا تھا۔ وفد نے شیری رحمان کو ریلی کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تقریب نہ صرف کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ ہے، بلکہ یہ پاکستان کی کشمیری عوام سے اصولی وابستگی اور یکجہتی کا مظہر بھی ہوگی۔
سینیٹر شیری رحمان نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کی مفاہمت کا قائل نہیں۔ اُنہوں نے کہاافواجِ پاکستان کے سپہ سالار کی جانب سے واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ دشمن اگر دس جنگیں بھی مسلط کرے، تب بھی پاکستان اپنی شہ رگ، کشمیر، پر کسی صورت قبضہ برداشت نہیں کرے گا۔”
انہوں نے شہید برہان وانی کو تحریکِ آزادی کشمیر کا روشن استعارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو ایک نئی جہت دی۔ محترمہ نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستانی مؤقف کی موثر ترجمانی کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی وفود نے بھارتی پروپیگنڈے کو بھرپور انداز میں بے نقاب کیا، اور دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کامیاب کوشش کی۔
حریت وفد نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، جمہوری قوتوں اور عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مسلسل یکجہتی پر گہرے تشکر کا اظہار کیا۔ وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام اپنا حقِ خودارادیت حاصل کرنے تک اپنی پرامن، اصولی اور ثابت قدم جدوجہد جاری رکھیں گے۔