
جنگلی حیات کا غیر قانونی شکار ، محکمے خاموش
گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر بھی جنگلی حیات کیلئے موت کی وادی بننے لگا ۔۔ حال ہی میں گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں ایک ہمالیائی ریچھ کو محض چربی کے حصول کیلئے مار دیا گیا جبکہ آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے پٹہکہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ سے تیندوا کو ہلاک کردیا ۔
آزاد کشمیر میں یہ اس سال کا تیسرا واقعہ ہے جب جنگلی تیندوے کو مار دیا گیا ۔ اس سے پہلے بھی یہاں دو تندوے ہلاک کیے گئے ۔ محکمہ کی جانب سے سخت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے آج پھر ایک جنگلی تندوے کو گولیوں سے چھلنی کردیا گیا ۔ محکمہ وائلڈ لائف کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ جبکہ 5 سے 6 سالہ تیندوے کی لاش قبضے میں لے لی گئی
یاد رہے تین روز قبل گلگت بلستان کے ضلع دیامر کے علاقے تانگیر میں ایک ہمالیائی ریچھ کو ماردیا گیا تھا ۔ وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی نے تانگیر میں کالے ریچھ کے غیر قانونی شکار پر سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کے ذمہ دار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کر کے قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے ۔۔۔