
شدید بارشوں سے مکان زمین بوس، 15 لاکھ کے مال مویشی ملبے تلے دب گئے
تحصیل کوٹلی ستیاں کے علاقے برحد ڈھوک مانجھ میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں غریب محنت کش عبد الشکور کے گھر کی چھت گر گئی، جس کے باعث گھر میں موجود قیمتی مال مویشی ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے۔ متاثرہ شخص کے مطابق مویشیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 15 لاکھ روپے تھی۔
عبد الشکور کا کہنا ہے کہ اُس نے قرض لے کر مال مویشی پالے تھے اور انہی کے ذریعے بچوں کا پیٹ پال رہا تھا۔ چھت گرنے سے نہ صرف اُس کا واحد ذریعہ معاش ختم ہو گیا ہے بلکہ وہ شدید مالی پریشانی میں بھی مبتلا ہو چکا ہے۔
متاثرہ شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ سے زندگی کی گاڑی چلا سکے۔ علاقہ مکینوں نے بھی حکومت سے متاثرہ خاندان کی فوری بحالی اور مدد کا مطالبہ کیا ہے۔