
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث 164 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث 164 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے اب تک مختلف واقعات میں 477 افراد جاں بحق اور 763 زخمی ہو چکے ہیں۔ تازہ 24 گھنٹوں میں آزاد جموں و کشمیر میں 9 اموات اور 4 زخمی، گلگت بلتستان میں 5 اموات اور 1 زخمی، جبکہ خیبر پختونخوا میں 150 اموات اور 18 زخمی رپورٹ ہوئے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے قدرتی آفات سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک کڑی آزمائش ہے، پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بھرپور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے مطابق وزیراعظم صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں ۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو این ڈی ایم اے کے ساتھ 24 گھنٹے رابطے میں ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت بارشوں اور سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے صورتحال کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے باجوڑ میں امدادی آپریشن کے دوران پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے اور اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر خدمت کرنے والے اہلکار قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، اور قوم ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
اسپیکر نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔