خود کو چیف جسٹس کا پی ایس قرار دینے والا دھر لیا گیا
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا پرسنل سیکرٹری ظاہر کرنے والے جعلساز کو دھر لیا گیا۔مقدمہ درج کر کے ملزم کے خلاف دھوکہ دہی، نوسربازی اور جعلی شناخت بنانے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔
تھانہ سول لائنز میں جوائنٹ سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار رانا حاشر حسین کی مدعیت میں ملزم محمد الطاف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم خود کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا پرسنل سیکرٹری ظاہر کرتا تھا ۔
ملزم نے سادہ لوح شہریوں کو مقدمات شرطیہ اپنے حق میں کروانے کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورتا تھا۔ درج مقدمے کے مطابق ملزم نے بار کے ملازم عبدالرحمن سے مقدمہ ڈگری کروانے کا جھانسہ دے کر دو لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ۔
کام یہیں پر رکا نہیں ملزم نےپندرہ ہزار روپے وصول بھی کیے۔ آفس میں بلائے جانے پر بھی ملزم نے اپنا تعارف چیف جسٹس کا پرسنل سیکرٹری کرایا جبکہ مزید دریافت پر ڈسٹرکٹ جوڈیشری لاہور کا جعلی سروس کارڈ بھی دکھایا۔