
نو ستمبر تک ملک کے بیشتر علاقے سیلاب کی زد میں ہوں گے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات سے 9 ستمبر تک سندھ، جنوب مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں مزید شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں ہوا کا کم دباؤ بھارت سے پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے باعث کئی علاقے شدید بارشوں کی لپیٹ میں آئیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں آج رات سے 10 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ کراچی سمیت تھرپارکر، مٹھی، اسلام کوٹ، نگرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، ٹنڈوالہ یار اور حیدرآباد میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور اوکاڑہ میں بارش برسنے کا امکان ہے جبکہ ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر اور وہاڑی میں 9 ستمبر تک تیز بارشیں متوقع ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک اور چکوال میں بھی بارشوں کی پیش گوئی ہے۔ اسی طرح جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں تیز بارشیں برسنے کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع رحیم یار خان، راجن پور، کوٹ ادو اور ڈیرہ غازی خان میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔