
امریکی کمپنی پاکستان میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکی اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں یونائیٹڈ اسٹیٹس اسٹریٹجک میٹلز اور موٹہ اینگل گروپکے نمائندے شامل تھے، جبکہ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
امریکی کمپنیوں نے پاکستان میں مائننگ آپریشنز بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی اور وزیراعظم کو ملک کے وسیع معدنی ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تانبہ، سونا اور ریئر ارتھ ایلیمنٹس میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر ایف ڈبلیو او اور یو ایس ایس ایم کے درمیان اہم معاہدہ طے پایا، جس کے تحت پاکستان میں جدید پالی میٹلک ریفائنری قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
امریکی کمپنی اس منصوبے میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جبکہ ابتدائی مرحلے میں تانبہ، سونا اور ٹنگسٹن کی برآمد شروع ہوگی۔ یہ معاہدہ دفاع، ایرو اسپیس اور ٹیکنالوجی انڈسٹری کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ سرمایہ کاری سے پاکستان میں نئی ملازمتوں، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پائیدار ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ ماحولیاتی ذمے داری کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
این ایل سی اور موٹہ اینگل گروپ کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کے تحت لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ یہ پیش رفت پاکستان کی عالمی سرمایہ کاری لانے کی کوششوں میں ایک بڑا سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔