پی ٹی ائی کی اڈیالہ کے باہر علامتی اسمبلی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان صوبائی اسمبلی نے دہگل ناکے کے قریب ایک علامتی عوامی اسمبلی کا انعقاد کیا، جس میں بڑی تعداد میں کارکنان اور رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی معین قریشی نے کی، جو اسپیکر اسمبلی کا روایتی گاون پہن کر کرسیٔ صدارت پر موجود تھے۔ اجلاس میں اسیران کی رہائی، حکومتی فضول خرچیوں کے خاتمے اور حالیہ سیلاب میں حکومتی ناکامی پر قراردادیں پیش اور منظور کی گئیں۔
عوامی اسمبلی میں خیبر پختونخوا اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے 25 سے 30 ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی، جب کہ 200 سے زائد پی ٹی آئی کارکنان بھی موجود تھے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئیں اور کارکنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
تاہم بانی پی ٹی آئی کی دیگر بہنوں اور وکلاء کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔ اس دوران ایڈووکیٹ علی بخاری اور سمیر کھوسہ اڈیالہ جیل کے باہر پہنچے، جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ ان کی جدوجہد اسیران کی رہائی، جمہوری اقدار کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری رہے گی۔