بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظفرآباد
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھارت کیخلاف مظاہرے میں شرکا نے بھارتی وزیر اعظم مودی، وزیر خارجہ جے شنکر، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے پتلے نذرِ آتش کردیئے ۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیریوں کیخلاف تقریر کیخلاف مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے اور سیاہ جھنڈے لہرائے گئے۔
مظاہرے کی قیادت قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر ، چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، تاجر راہنما سردار عبد الرزاق خان ، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں شوکت جاوید میر ، جہانگیر خان مغل ، سردار تبارک حسین ، مہاجرین ورکنگ کمیٹی کے ترجمان راجہ محمد عارف خان ، نائب امیر محمد لطیف لون ، چیف کوآرڈینیٹر ارشاد احمد بٹ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل الطاف عزیز چوہدری ، چوہدری محمد مشتاق ، اقبال یاسین اعوان اور دیگر راہنما کر رہے تھے ۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں منظم ریاستی دہشتگردی کے ذریعے نہتے شہریوں کو جیلوں میں قید کر رہا ہے۔ ہزاروں کشمیری نوجوان جبری گمشدگیوں کا شکار ہیں، ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلے معمول بن چکے ہیں جبکہ اجتماعی قبریں بھارتی جنگی جرائم کی واضح گواہی دے رہی ہیں۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بھارت نے ذرائع ابلاغ کو خاموش کر کے آزادی اظہارِ رائے کا گلا گھونٹ دیا ہے، مساجد پر تالے لگائے جا رہے ہیں، اذان اور مذہبی اجتماعات پر پابندیاں عائد ہیں، جبکہ نصاب، زبان اور تہذیب پر حملے کر کے کشمیری عوام کے مسلم تشخص کو مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مقررین نے کہا کہ کالے قوانین PSA، AFSPA، POTA، TADA اور UAPA عوامی مزاحمت کچلنے اور ہر آواز دبانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔ نام نہاد کارروائیوں کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کر کے خوف و ہراس میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب وادی دس لاکھ بھارتی فوجیوں کے محاصرے میں ہو، گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہو، ہزاروں شہری جیلوں میں قید ہوں اور میڈیا پر پابندیاں ہوں، تو ایسے میں بھارتی وزیر خارجہ کس منہ سے دنیا کو یہ جھوٹا پیغام دیتا ہے کہ کشمیر میں حالات "معمول” پر ہیں؟
اس موقع پر پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران دنیا کو فریب دے رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جموں کشمیر کے عوام بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے اور کشمیری عوام کے مسلم تشخص اور حقِ خودارادیت پر بدترین حملے جاری ہیں۔
دیگر مقررین مہاجرین راہنماؤں چوہدری فیروز الدین ، منظور اقبال بٹ ، راجہ سجید خان ، بلال احمد فاروقی ،محمد یونس میر. عثمان علی ہاشم ، محمد اسلم انقلابی ، محمد اقبال میر اور دیگر نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی ریاستی دہشتگردی، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا مسلمہ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ بھارت مخالف مظاہرے کے شرکاء نے سینٹرل پریس کلب سے گھڑی پن چوک تک مارچ بھی کیا ۔