آزاد کشمیر میں احتجاج کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی پولیس تعینات
اسلام آباد ۔۔۔
رپورٹ ۔۔۔ غلام نبی کشمیری
آزاد جموں و کشمیر میں تعینات اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے شدید مشکلات کی نشاندہی کی ہے۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ چار دنوں سے ناقص معیار کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جس میں صرف چاول دیے جا رہے ہیں اور وہ بھی غیر معیاری حالت میں ہیں۔ اس صورتحال نے پولیس جوانوں میں شدید بے چینی اور مایوسی کو جنم دیا ہے۔
اہلکاروں کے مطابق سخت اور طویل ڈیوٹی کے باوجود معیاری اور متوازن خوراک نہ ملنا ان کی صحت، کارکردگی اور ڈیوٹی سرانجام دینے کی صلاحیت پر براہِ راست اثر ڈال رہا ہے۔ جوانوں نے شکوہ کیا کہ دورانِ ڈیوٹی پہلے ہی دشوار حالات اور سخت موسمی اثرات کا سامنا ہوتا ہے، اس پر مزید ناقص کھانے نے ان کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی شکایات اعلیٰ حکام تک پہنچائی ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر خوراک کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز سے براہِ راست اپیل کی ہے کہ جوانوں کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بھرپور توانائی اور حوصلے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
ادھر پولیس ذرائع کے مطابق اہلکاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر موجودہ صورتحال پر توجہ نہ دی گئی تو ان کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتائج ڈیوٹی کے معیار اور امن و امان کی صورتحال پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
اہلکاروں کا مؤقف ہے کہ وہ ملک و قوم کے لیے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں، لیکن اس کے لیے انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکام کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیاری کھانا اور مناسب سہولتیں صرف آسائش نہیں بلکہ ایک ضرورت ہیں، جس کے بغیر جوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔