استغاثہ کے تمام گواہان کے بیانات مکمل، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — ذرائع کے مطابق توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کو اڈیالہ جیل سے راولپنڈی قاسم مارکیٹ کے قریب قائم کی گئی ایک خصوصی جیل میں منتقل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی جیل کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے اور اس کے تمام انتظامات اور قانونی تقاضے پورے کر لیے گئے ہیں۔ اس جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ساتھ بشریٰ بی بی کو بھی منتقل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ خصوصی جیل کے لیے 40 افراد پر مشتمل جیل عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، جس کی کمان ڈی ایس پی عامر فیاض بھٹی کے سپرد کی گئی ہے۔ عملے کو اٹک، چکوال اور جہلم کی جیلوں سے راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن رانا رؤف نے جاری کر دیا ہے۔
خصوصی جیل کے قیام اور عملے کی تعیناتی سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے ایک الگ اور محفوظ مقام پر حراست کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جس پر مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔