پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا
پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
348 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 26.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بھارتی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور بھارت کے چھ بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سوریا ونشی نے 26، ارون پٹیل 19، ارون جارج 16 رنز بنا سکے۔ کنشک چوہان اور ویدانت چوہان 9، 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے۔ اوپنر سمیر نے فائنل کی یادگار اننگز کھیلتے ہوئے 113 گیندوں پر 172 رنز بنائے۔ انہوں نے 152 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 چھکے اور 17 چوکے لگائے۔
احمد حسین نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن نے 83 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ہنیل پٹیل اور کھیلن پٹیل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی شاندار باؤلنگ میں علی رضا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد سیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 وکٹیں لے کر بھارت کی بیٹنگ لائن اپ کو زمین بوس کر دیا۔
پاکستان کی اس تاریخی فتح پر شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور قومی انڈر 19 ٹیم نے ایک بار پھر ایشیا میں اپنی برتری ثابت کر دی۔