فورسز کا کامیاب آپریشن، خواتین کا روپ دھارے دہشتگرد گرفتار
بلوچستان کے علاقے نور گامہ زہری میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس دوران دہشتگردوں کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ترجمان کے مطابق دہشتگرد مؤثر کارروائیوں سے بچنے کے لیے خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونا چاہتے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشتگردوں میں ایک افغان شہری بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دہشتگرد روپ بدل کر مقامی آبادی میں چھپنے اور خواتین و بچوں کو ڈھال بنانے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ آپریشن سے بچ سکیں، تاہم ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ان گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی اور مزید تحقیقات سے دہشتگردی کے نیٹ ورک کو توڑنے میں مدد ملے گی۔ اس آپریشن کو علاقے میں امن و امان کی بحالی اور مقامی آبادی کے اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
علاقائی سیکیورٹی حکام کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔