ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برف باری ہو سکتی ہے
محکمہ موسمیات نے اکتوبر کے آغاز پر ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں، تیز آندھی اور ژالہ باری جبکہ پہاڑی سلسلوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 سے 6 اکتوبر تک بارش کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
خیبرپختونخوا میں 2 سے 7 اکتوبر کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض اضلاع میں تیز ہوا اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جس سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں 2 اور 3 اکتوبر کو بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ 4 سے 7 اکتوبر تک بالائی پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
گنگاکےچہرے پرداغ دھبے،انسانی وحشت کے عکاس
سندھ کے مختلف اضلاع میں آج رات سے 3 اکتوبر تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسمی ماہرین کے مطابق اس دوران تیز ہواؤں کے سبب بجلی کی فراہمی میں تعطل اور دیگر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
بلوچستان کے کئی علاقوں میں 4 سے 6 اکتوبر کے دوران بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پہاڑوں پر ہونے والی برفباری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔